نئی دہلی،10؍ جون (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے اتوار کو کیرلا کے دورے کے دوران اس نرس سے ملاقات کی جو دہلی کے ایک اسپتال میں ان کی پیدائش کے وقت موجود تھیں۔ راہل گاندھی نے اپنے دورے کے تیسرے دن کوزی کوڈمیں 72سالہ ریٹائرڈ نرس راجمّا سے ملاقات کی اور ان کے تئیں احترام کا اظہار کیا۔ راجما کا کہنا ہے کہ جب راہل گاندھی کی پیدائش ہوئی تھی تو سب سے پہلے انہوں نے ہی راہل کوگود میں اٹھایا تھا-واضح رہے کہ19جون1970 کو جب دہلی کے ہولی فیملی اسپتال میں راہل گاندھی کی پیدائش ہوئی تھی تو اس وقت راجما نے ایک ٹرینی نرس کے طور پر وہاں راہل گاندھی کی دیکھ بھال کی تھی۔ جب راجما نے راہل کو بتایا کہ جب ان کا جنم ہوا تھا تو انہوں نے ہی اپنے ہاتھوں میں سب سے پہلے انہیں اٹھایا تھا، تو وہ انہیں غور سے سنتے رہے۔ راہل گاندھی نے جاتے وقت ان سے پھر ملاقات کا وعدہ کیا-